Search This Blog

Thursday, April 22, 2021

جاگنا سحری کیلئے ہوتا ہے, یہ ڈھول والا شادی کے جذبات جگا کر چلا جاتا ہے

جاگنا سحری کیلئے ہوتا ہے

یہ ڈھول والا شادی کے جذبات جگا کر چلا جاتا ہے 


خوابوں کی رنگین و طلسمی دنیا میں رسمِ حنا کی تقریب میں شان سے سنگھار کی ہوئی کرسی و اسٹیج پر میرِمحفل بنے نظر آتے ہیں۔۔۔۔۔۔!

سفید سوٹ کی گریس و خوشنما قوس و قزع کے رنگوں سے مزین مہندی والا ڈوپٹہ جچ بھی کیا خوب رہا ہے۔۔۔۔۔۔!


 ہم پر پاکستانی کرنسی کے بے تحاشہ نوٹ نچھاور ہوتے نظر آتے ہیں۔ اور ہم پر وارے جاتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔!

جن کو حاصل کرنے کے لیے ہم سحر خیزی سے سرِشام تو کبھی کبھار رات گئے تلک تگ ودو میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔ 


ساتھ میں دوستوں و کزنز کی گیدرنگ و ہنسی مذاق سے محفل کشتِ زعفران ہو رہی ہوتی ہے۔۔۔۔۔۔!


پھر سہرا بندی کی تقریب میں شان سے دلہا کی مسند پر خوشی و انبساط سے براجمان ہوتے ہیں۔۔۔۔۔۔!


کافی اہتمام سے تیار ہو کر دلہا کے زرق برق و مخصوص لباس میں ملبوس نظر آتے ہیں۔۔۔۔۔۔!

سلامیوں کے ساتھ ساتھ فیملی ممبرز دوست و کزنز ہم پر نوٹ نچھاور کرتے نظر آتے ہیں۔۔۔۔۔۔!

ظاہر سی بات ہے کل کو ہم نے بھی ان کی شادی پر ایسےہی نچھاور کئے تھے۔ اسی وجہ سے وہ آج بڑھ چڑھ کر اس کام کو بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔ 

کیونکہ وہ کیا مشہور کہاوت ہے کہ جتنا گڑھ ڈالو گے اتنا ہی میٹھا ہوگا. (ظاہر سی بات ہے زندگی میں اتنی بڑی خوشی و برسوں کی منتوں مرادوں سے آنے والا موقع ہے تو زبان و اندازِ بیان و گفتگو و لب و لہجہ تو ویسے ہی انتہائی شیریں ہوگا) ساتھ میں ہماری طرف بھی داد طلب نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ 


چونکہ مشرقیت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دلہے میاں عموما خاموش ہوتے ہیں۔ (باتیں کرنا و خوشی و انبساط کا اظہار کرنا کچھ معیوب سمجھا جاتا ہے۔ 

حالانکہ آج ہی تو خوشی کو جی بھر کے منانے کا موقع میسر آیا۔۔۔۔۔۔۔لیکن خیر) شادی کے بعد بالکل خاموش۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسی وجہ سے ہم صرف مسکرا کر ہی ان کو داد دےرہےہیں۔۔۔۔۔۔!


تحفے میں ملی خوبصورت و قیمتی گھڑی میں بار بار ٹائم دیکھتے ہیں۔ 
تاکہ سب کووقت کی اہمیت کا احساس دلا سکیں۔۔۔۔۔۔!


ہمارے بار بار کے توجہ دلاؤ نوٹس کے باوجود سب فوٹو سیشن و سلفیوںِ میں مشغول نظر آتے ہیں۔ 
البتہ کوئی منچلہ چٹکلا چھوڑ دیتا ہے کہ دولہے میاں گھڑی خوبصورت ہے اور رائیٹ ٹائم ہے۔ 
اور اتنی بھی بے چینی کس لئے بھابھی ابھی پارلر ہوں گی آپ نے وہاں پہلے پہنچ کر کیا لینا۔ 
اتنے برسوں صبر کر لیا اب کچھ منٹ اور صبر کے گھونٹ پیتے رہیں۔ 
اب مشرقیت کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے مشرقی دولہا ہونے کی وجہ سے خود کیسے کہیں کہ فوٹو سیشن و سلفیوں کا دور جلدی اختتام پزیر کریں۔

تاکہ جلدی سے گامزنِ منزل ہو کر فتح یاب ہو کر اپنی گُل و گُلِ رخ، ماہ وش، ماہ پارہ، ماہ جبین، پری تمثال و زہرہ جبین کے سنگ فتح و کامرانی کے نشے سے چور چور ہو کر
واپسی کی راہ لیں۔ 
دِلی ہنوز دور است۔۔۔۔۔۔۔۔ 
لگتا ہے ایسے ہی کسی خاص موقع پر کہا گیا ہو گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

خیر بار بار کی دل سے مانگی جانے والی دعا سے دلی مراد بر آتی ہے۔ 
اور اللّٰہ اللّٰہ کرکے بارات جانب منزل گامزن ہوتی ہے۔
اور ہم سب سے پہلے منزل تک پہنچنے کے متمنی و خواہش مند۔ 
جی چاہ رہا کہ ہوا کے رتھ سوار کر وہاں پہنچیں۔ 

راستے میں بارات کےساتھ لیٹ شامل ہونے والے عزیز واقارب و بہت قریبی دوست گلے لگا کر مبارکباد کے ساتھ گلے شکوے شروع کر دیتے ہیں۔ 
جس سے قافلہ کے بار بار توقف کی سبب سےہم اندر ہی اندر پیچ و تاب کھا رہے ہوتے ہیں۔ 
لیکن کیا کریں وہی مشرقیت۔۔۔۔۔۔۔
سو مجبورا چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنی پڑتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔

جیسے ہی منزل قریب سےقریب تر آتی ہے۔ دل کی دھڑکنیں بے اختیار بے ترتیب ہونے لگ جاتی ہیں۔۔۔۔۔۔!

خیر قصہ مختص۔۔۔۔۔۔!
جونہی ہم منزل پر پہنچتے ہیں۔ 
بارات کو ویلکم کیا جاتا ہے۔۔۔۔۔۔!

ساتھ ہی ساتھ ہمارے کانوں میں ڈھول کی آواز مسلسل بڑھنا شروع ہوجاتی ہے۔ 
ہم اس ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کانوں میں انگلی چلا کر اس آواز کو کم کرنے کی بہتیرا کوشش کرتےہیں لیکن تمام کوششیں بے کار و بے سود ثابت ہوتی ہیں۔ 
اور گھبراہٹ کےمارے کچھ سجھائی ہی نہیں دیتا کہ ہمارے ساتھ یہ کیا ہو رہا ہے۔ 
کچھ دیر بعد جب ہمارے ہوش و حواس اپنے ٹھکانے پر آتے ہیں تو سارا ماجرا سمجھ میں آتا ہے۔
کہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یہ وہ ڈھول ہیں جو ہمارےارمانوں کا خون کرتےہوئے ڈنکے کی چوٹ پہ اس بات پہ کا شدومد کے ساتھ اعلان کررہے ہیں۔ 
کہ سحری کا ٹائم ہو گیا ہے سحری کر لیں۔۔۔۔۔۔!

کچھ لمحات پہلے کے میرِ محفل منہ پہ پانی کے چھینٹے مار کر ٹھنڈے پانی کا گلاس پی کر حیرت و گومگو کی کیفیت کے ساتھ کانوں میں پڑتی ڈھول کی آواز کے ساتھ سحری کے لئے دہی لینے جانبِ منزل گامزن ہیں۔۔۔۔۔۔!

2 comments:


  1. 😀😀واہ۔۔۔بہترین عکاسی اور اعلی تحریر

    ReplyDelete
    Replies
    1. بہت شکریہ۔
      جزاک اللّٰہ خیرا کثیرا و احسن الجزاء
      سلامتی ہو۔ سدا شاد و آباد رہیں۔
      آمین ثم آمین۔

      Delete

Punjab Pension Gratuity Calculation New Formula 2024

Punjab New Pension Gratuity Calculation Calculator 2024 Punjab Pension Gratuity Calculation New Formula 2024 Punjab New Pension & Gr...